کاروار 20/جنوری (ایس او نیوز)ڈپٹی کمشنرمسٹر نکول کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ضلع شمالی کینرا میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے میں حائل دشواریوں اور مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی کے دفتر میں واقع ہال میں 25جنوری کو ایک جائزاتی میٹنگ منعقد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ضلع میں ماحولیاتی سیاحت کے لئے بہترین مواقع ہیں۔ حکومت سیاحت کوفروغ دینے کے لئے بہت سارے منصوبوں پر عمل کررہی ہے۔لیکن یہاں پر کچھ انتظامی مسائل کی وجہ سے ٹورزم کو فروغ دینے کے لئے کی گئی کوششوں کے وہ نتیجے نکل نہیں رہے ہیں جن کی توقع کی جاتی ہے۔انہی مسائل پر قابو پانے کے لئے ضلع ڈی سی، ضلع پنچایت کے سی ای او،اور پولیس اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک جائزاتی میٹنگ ہوگی جس میں اس موضوع سے متعلق دلچسپی رکھنے اور سیاحتی کاروبار میں مصروف رہ کر مسائل سے دوچار ہونے والے عوام بھی شرکت کرسکتے ہیں۔
اس میٹنگ میں ریاستی حکومت کی ٹورزم سے متعلق پالیسی2015-2020میں موجود پروگرام اور مواقع کی تفصیلات اور سیاحتی سرگرمیوں کے لئے امکانات سے آگاہ کیا جائے گا۔